الگ الگ ملک بننے کے بعد پاکستان اور بھارت نے آپس میں بہت سی چیزیں تقسیم کیں مگر ایک چیز جسے تقسیم نہ کرسکے وہ گلوکار محمد رفیع تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے برصغیر کے معروف گلوکار محمد رفیع کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے بہت سی چیزیں تقسیم کیں مگر وہ محمد رفیع کو تقسیم نہ کرسکے، دنوں ملکوں نے کہا کہ محمد رفیع ہمارا بھی ہے۔
محمد رفیع: سماعتیں آج بھی ان کی آواز کی اسیر ہیں
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم ہر بات پر جھگڑتے ہیں کچھ دن پہلے بھی ہمارا ان کا جھگڑا ہوا اور جنگ ہوئی لیکن جس بات پر ہم نہیں جھگڑے وہ محمد رفیع تھے۔
برصغیر پاک و ہند کے مشہور و معروف ترین گلوکاروں میں سے ایک محمد رفیع کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے مان لیا کہ یہ دونوں کے ہیں، یہ محمد رفیع صاحب کی خوبی تھی۔
انھوں نے کہا کہ دلیپ کمار صاحب کو ٹریجڈی کنگ بنانے میں بھی محمد رفیع صاحب کو 50 فیصد حصہ تو ضرور تھا۔
پرویز رشید نے کہا کہ ایک مشہور فلم دیدار تھی جس کا مشہور گانا تھا میری کہانی بھولنے والوں، وہ گانا اتنا پُراثر تھا اور خواتین پر اتنا اثر کرتا تھا کہ وہ صدمے میں اپنی چوڑیوں کو توڑ دیتی تھیں۔