پاکستان اور روس نے کسٹمز کے درمیان شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔
روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کئے ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر دستخط کی تقریب میں سیکرٹری تجارت محمد صالح فاروقی بھی موجود تھے
پاکستان کسٹمز اور فیڈرل کسٹمز سروس (رشین فیڈریشن) کے درمیان باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق ایم او یو طے پایا ہے۔
دونوں ممالک کے کسٹمز باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی اعدادوشمار کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔ ایم او یو کے تحت فریقین بیرونی تجارت کے اعدادوشمار مرتب کرنے کیلئے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
ایم او یو کے مطابق فریقین ہر سہ ماہی کے اختتام پر معلومات کا تبادلہ جبکہ سالانہ ڈیٹا رپورٹنگ سال کے اختتام کے بعد 120 دنوں کے اندر الگ طور پر فراہم کریں گے۔