راولپنڈی : افواج پاکستان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے 65 ویں یومِ شہادت پر میجرمحمد طفیل شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے شہید میجر طفیل کو ان کے 65 ویں یوم شہادت پر شاندارخراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر طفیل کی شہادت دفاع وطن میں دی گئیں پاک فوج کی غیر معمولی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے، آئیں ان شہدا کو یاد کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
پاک سرزمین کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر نے والے میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کا آج پینسٹھ واں یوم شہادت ہے۔
پاک فوج کی طرف سے دوسرا نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کو فاتح لکشمی پور کے طور پر جانا جاتا ہے۔
میجر محمد طفیل کو اگست 1958 میں لکشمی پور میں گھسنے والی بھارتی فوج کے خلاف کارروائی کا حکم ملا، میجرمحمد طفیل شہید نے دشمن کی چوکی پر جوانمردی سے حملہ کیا، دشمن کی گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے وہ شدید زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے۔
انھوں نے دستی بم پھینک کر اپنے جوانوں کو شدید نقصان پہنچانے والی دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنا دیا، مادرِ وطن کا یہ جری بیٹا دشمن کے سامنے چند گز کے فاصلے پر بہادری سے سیسہ پلائی دیوار بنا رہا۔
میجر محمد طفیل شہید نے جرأت و بہادری کے ساتھ دشمن سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔