پاک فوج نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے امداد بھیج دی

پاک فوج نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے امداد بھیج دی

راولپنڈی: پاک فوج اور نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے امداد کی پہلی کھیپ بھیج دی۔

غزہ کیلیے امداد کی پہلی کھیپ اسلام آباد سے براستہ مصر روانہ کر دی۔ امدادی سامان میں ایک ہزار خیمے، 4 ہزار کمبل اور 3 ٹن ادویات شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے روانہ کی گئی کھیپ کے باعث متاثرین غزہ کو فوری ریلیف ملے گا۔ پاکستان مشکل گھڑی میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

چند روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے غزہ اسرائیل جنگ سے متعلق تشویش اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ فلسطینیوں کیلیے متعدد مسلم ممالک نے امداد سامان روانہ کیا ہے جو مصر کے راستے غزہ پہنچے گا، تاہم مصر کی جانب سے سامان کو غزہ میں لے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ ہزاروں فلسطینیوں کو فوری طور پر اس کی ضرورت ہے۔