اسلام آباد/ڈھاکہ (24 اگست 2025): پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے بنگلہ دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کی جبکہ پڑوسی ملک کی طرف سے ایڈوائزر برائے خارجہ امور توحید حسین موجود تھے۔
وفود کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ مذاکرات میں سارک کی بحالی اور خطے میں تعاون کے فروغ پر غور کیا گیا۔
مذاکرات میں دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
بعدازاں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور توحید حسین کی نگرانی میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے جو یہ ہیں:
- ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
- ثقافتی تبادلے کے پروگرام (2025-2028) کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
- سفارت کاروں اور حکومتی اہلکاروں کیلیے ویزا ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط
- فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت
- ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت
- انسٹیٹیوٹ اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں مفاہمتی یادداشت