کراچی: شہر قائد میں تعینات بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب العالم نے کہا ہے کہ جلد ہی پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی حجم 1 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔
کراچی میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلادیش محبوب العالم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز بھی جلد ہوگا، پاکستان میں بنگلا دیشی مصنوعات کے فروغ کے لیے بھی سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔
لاڑکانہ کے دورے کے موقع پر لاڑکانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، لاڑکانہ پریس کلب اور آرٹس کونسل آف لاڑکانہ میں تاجروں، صنعت کاروں، صحافیوں، فنکارو ں اور سرکاری افسران سے ملاقات میں بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تجارت، ثقافت اور صحافت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
سونے سے 200 فی صد منافع، ہر کاروبار پر سبقت مل گئی
انھوں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی، انھوں نے ستمبر 2025 میں ڈھاکا میں منعقد ہونے والی تیسری میڈ ان پاکستان نمائش، نومبر 2025 میں لیدر مصنوعات کی نمائش اور جنوری 2026 میں ڈھاکا میں ہونے والی بین الاقوامی تجارتی نمائش کا ذکر کرتے ہوئے لاڑکانہ کے تاجروں کو ان نمائشوں میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
پاکستانیوں کو بنگلا دیش کے ویزا کے اجرا میں حائل مشکلات کے حوالے سے ڈپٹی ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ کراچی میں بنگلہ دیشی مشن تمام پاکستانی تجارتی وفود کے لیے ترجیحی ویزا کو یقینی بنائے گا۔