ہرارے: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی، اوپنر فخر زمان کو 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور قومی ٹیم نے فخر زمان اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
قبل ازیں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، پھر فخر زمان اور حسین طلعت کی اننگز نے ٹیم کو سہارا دیا، 80 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب حسین طلعت 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان سرفراز احمد آسٹریلوی ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور کیپر کو کیچ دے کر 14 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوگئے، شعیب ملک اور آصف علی نے جارحانہ انداز اپنایا اور شعیب ملک 15 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے 18 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 194 رنز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
Pakistan win the fifth match of #TriSeries by 45 runs.
Scorecard: : https://t.co/7NRP2uxLm4 #PAKvAUS pic.twitter.com/eLPe4iF8q0— PCB Official (@TheRealPCB) July 5, 2018
آسٹریلیا کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور جائے رچرڈسن کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی کپتان جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 172 رنز کی اننگز کھیلی تھی آج کے میچ میں صرف 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسرے نمبر پر مائیکل ہیڈ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جارحانہ انداز اپنانے والے گلین میکسویل کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا وہ صرف 10 رنز بناسکے، آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 149 رنز ہی بناسکی۔
For his career best 73 off 42 balls (4s-9 6s-3), @FakharZamanLive is the Man of the Match.
More: https://t.co/7NRP2uxLm4 #PAKvAUS #TriSeries pic.twitter.com/kIFbgndEth— PCB Official (@TheRealPCB) July 5, 2018
پاکستان کی جانب سے سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان اور عثمان خان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم 8 جولائی بروز اتوار کو آسٹریلیا سے فائنل میں مدمقابل ہوگی.