پاکستانی بولرز سابق بولنگ کوچ مورکل کو کچھ نہیں سمجھتے تھے! سابق کرکٹر

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق بولنگ کوچ مورنے مورکل کو پاکستانی بولرز کچھ نہیں سمجھتے تھے۔

سابق کرکٹر اور موجودہ تجزیہ نگار باسط علی نے پاکستان کے باؤلنگ یونٹ پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ مورنے مورکل جب قومی ٹیم کے کوچ تھے تو انھیں پاکستانی بولرز ویلیو نیہں دیتے تھے۔

باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ پاکستانی باؤلرز خود کو کرکٹ سے بڑا سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ مورکل ہمارے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔

انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کی ذہنیت میں بڑا فرق ہے، جو بنگلہ دیش کے خلاف ان کی حالیہ پرفارمنس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

مورکل نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مختصر وقت گزارا تھا، انھوں نے گزشتہ سال جون میں باؤلنگ کوچ کے طور پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کیا تھا لیکن ون ڈے ورلڈ کپ 2024 کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد انھوں نے استعفیٰ دیدیا تھا۔

مورنے مورکل کی کوچنگ میں پاکستانی باؤلرز بھارت میں ہونے والے میگا آئی سی سی ایونٹ میں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہے تھے، سابق جنوبی افریقی بولر اپنے معاہدے کے ختم ہونے سے چھ ہفتے قبل ہی پاکستانی ٹیم سے علیحدہ ہوگئے تھے۔