ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز، پاکستان چیمپئنز ٹیم میں اہم کھلاڑی کی شمولیت

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے لیے پاکستان چیمپئنز نے اسکواڈ میں عمر امین کو شامل کرلیا ہے۔

عمر امین 18 جولائی سے شروع ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے 2025 ایڈیشن میں پاکستان چیمپئنز کے لیے ڈیبیو کریں گے۔

پاکستانی ٹیم برمنگھم کے مشہور ایجبسٹن اسٹیڈیم میں انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔

پاکستان چیمپئنز نے سیزن ٹو کے لیے اسکواڈ کی تصدیق کردی ہے جس میں گزشتہ ایڈیشن سے کئی قابل ذکر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سابق کپتان مصباح الحق اور یونس خان گزشتہ سال اسکواڈ کا حصہ تھے اب دونوں اس لائن اپ میں شامل نہیں۔

یہ پڑھیں: سابق آل راؤنڈر ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے کپتان مقرر

رواں سال اسکواڈ میں سابق کپتان سرفراز احمد، میڈیم پیسر رومان رئیس اور مڈل آرڈر بیٹر عمر امین کو شامل کیا گیا ہے۔

محمد حفیظ پاکستان چیمپئنز ٹیم کی قیادت کریں گے۔

افتتاحی سیزن میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی مہم کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف جیت کے ساتھ کیا اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف زبردست فتح حاصل کی۔

ایونٹ میں سب کی نظریں 20 جولائی کو ایجبسٹن میں ہونے والے پاک بھارت میچ پر ہوں گی۔

ڈبلیو سی ایل سیزن 2 کے لیے پاکستان چیمپئنز اسکواڈ: محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمر امین، شرجیل خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، آصف علی، عامر یامین، وہاب ریاض، رومان رئیس، سہیل تنویر، اور سہیل خان شامل ہیں۔