دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025

اسلام آباد : دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، اب دوسرے ملک کی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت ترک نہیں کرنا پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 پیش کر دیا گیا۔ یہ بل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طلال چوہدری نے اسمبلی میں پیش کیا، جسے مزید کارروائی کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

بل کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو شہریت کا حق واپس دلانا اور دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے مسائل کا حل نکالنا ہے۔

طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ نئے قانون کے تحت کسی دوسرے ملک کی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت ترک نہیں کرنا پڑے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے ممالک کے ساتھ حکومت پاکستان کے معاہدے ہو چکے ہیں، جہاں دوہری شہریت کے اصول تسلیم کیے گئے ہیں، اور اسی بنیاد پر یہ قانون سازی کی جا رہی ہے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو شہریت کے حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔

اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے اجرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس کے بجائے تمام قانونی معاملات پارلیمان کے ذریعے طے کیے جائیں۔

دوسری جانب اجلاس میں موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیولپمنٹ بل 2024 بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی بہتری اور ترقی کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔

یہ بلز موجودہ حکومت کی قانون سازی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت قرار دیے جا رہے ہیں، جو نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو قانونی تحفظ فراہم کریں گے بلکہ صنعتی شعبے میں بھی بہتری کی راہ ہموار کریں گے۔