کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے 57 کروڑ روپے مالیت کی 480 کلوگرام منشیات برآمد کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر پسنی (بلوچستان ) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق پسنی ائر پورٹ کے قریب سردشت کے مقام پر ساحل سمندر کے قریب کارروائی کی گئی جس میں پہاڑیوں میں چھپائی گئی 480 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔
مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 57 کروڑ روپے
منشیات پاکستان سے مشرق وسطیٰ اسمگل ہونا تھی، اس کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 57 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھی پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی ائر پورٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک خالی مکان کے خُفیہ حصوں میں چھپائی گئی 922 کلو گرام اربوں روپے مالیت کی اعلیٰ قسم کی چرس بھی برآمد کی تھی۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔