پاکستان نے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کر دی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اسرائیلی منصوبےکی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ یہ اسرائیل کی نسل کش مہم کو بڑھانے کی کوشش ہے اشتعال انگیز کارروائی فلسطینی شہریوں کی تکالیف کومزید بڑھائے گی، اسرائیلی کارروائی خطے میں امن کیلئےعالمی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری سے اسرائیلی کارروائیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے پاکستان اسرائیلی نسل کش فوجی مہم کا فوری خاتمہ یقینی بنانےکا مطالبہ کرتا ہے فلسطینیوں تک انسانی امدادکی بلا تعطل فراہمی کیلئےعملی اقدامات کیے جائیں اسرائیل کو اس کے بھیانک جرائم پر جواب دہ بنایا جائے۔
چین نے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو جاری پیغام میں کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔
چین نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا صحیح راستہ فوری جنگ بندی ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ تنازع کا مکمل حل جنگ بندی پر منحصر ہے، تب ہی کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ غزہ میں جلد اسرائیلی جنگ ختم کرنے میں مدد کیلیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نیتن یاہو کے تجویز کردہ اور ان کی سکیورٹی کابینہ کے ذریعے منظور کیے گئے منصوبے کے تحت غزہ پر قبضہ کر لے گی۔