پاکستان عالمی مارکیٹ سے ایل این جی خریدنے میں ناکام

گیس بحران

پاکستان عالمی مارکیٹ سے ایل این جی خریدنے میں ناکام ہو گیا ہے جب کہ اس کو اکتوبر سے دسمبر کے لیے 6 ایل این جی شپمنٹ کی ضرورت ہے۔

دنیا کے نمایاں مالیاتی ،اقتصادی اعداد و شمار اور خبروں کے پلیٹ فارم بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایل این جی خریدنے میں ناکام ہوگیا ہے اور پاکستان کو آئندہ موسم سرما میں اکتوبر سے دسمبر تک کے لیے 6 ایل این جی شپمنٹ کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی جریدے کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ کسی بھی ایل این جی سپلائر  نے پاکستانی ٹینڈر کا جواب نہیں دیا اور بہت سے انٹرنیشنل بینکس پاکستان کی ایل سی کھولنے کو ہی تیار نہیں ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی عدم استحکام کے ساتھ کرنسی گراوٹ اور دیوالیہ کے خطرے کا سامنا ہے جب کہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی پالیسی پر تنقید کی ہے۔

واضح رہے کہ بلومبرگ نے اس سے قبل اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام نہ ملا تو اس کے معاشی حالات مزید بگڑ سکتے ہیں اور اس کے ڈیفالٹ کےخطرے مزید بڑھ جائیں گے۔

اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اکتوبر میں نئے پروگرام پر مذاکرات کر سکتا ہے پاکستان کو دسمبر تک ڈالر محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ڈیفالٹ سے بچنے کیلیے پاکستان کو مسلسل دوست ملکوں سے معاونت کی ضرورت ہے۔