عارف والا (31 اگست 2025) پنجاب میں اس وقت سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ایک گاؤں میں دولہا سمیت بارات سیلابی پانی میں پھنس گئی۔
اے آر وائی نیوز کے عارف والا میں نمائندے محمد اسلم چوہدری نے علاقے میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ گاؤں بلاڑا میں ایک بارات دلہن کے گھر جا رہی تھی کہ سیلابی پانی میں پھنس گئی۔
اس موقع پر باراتی پریشان ہو گئے۔ تاہم دولہا کے بھائی نے ریسکیو 1122 رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔
ریسکیو 1122 فوری طور پر کشتیوں ساتھ لے کر مدد کے لیے پہنچی اور دولہا سمیت بارات کو کشتیوں کے ذریعہ منزل مقصود تک پہنچایا۔
اس موقع پر کشتیوں میں سوار باراتیوں نے ڈھول بجا کر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور حکومت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر دولہا کے بھائی نے بتایا کہ آج ان کے بھائی کی شادی تھی۔ ہم بارات لے کر جا رہے تھے، کہ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ رابطہ کرنے پر ریسکیو 1122 والے فوری مدد کو پہنچے اور ہمیں کشتیوں کے ذریعہ ہمیں وہاں تک پہنچایا۔