محکمہ صحت میں تمام چھٹیاں منسوخ، عملے کو حاضری یقینی بنانے کا حکم

سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت میں تمام اقسام کی چھٹیوں پر فوری پابندی عائد کر دی گئی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

سیکریٹری صحت سندھ کی صدارت میں آن لائن اجلاس میں تمام چھٹیاں منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پہلے سے منظور شدہ چھٹیاں بھی غیرمؤثر اور کالعدم قرار دے دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے حکم نامےکے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر حیدرآباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں  تمام میڈیکل اور پیرا میڈیکل عملے کو ڈیوٹی پر واپس طلب کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے انتباہ جاری کیا ہے کہ غیرحاضری پر کارروائی اور نتائج بھگتنا ہوں گے تمام اسپتالوں کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی فہرست فراہم کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم پر مکمل عملدرآمد کےلیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے خط بھی لکھ دیا ہے۔