پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 36 گھنٹے میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام اسپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں جب کہ بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی وارننگ نہیں دی۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے آئندہ 2روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے، ریلے سے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے ہائی الرٹ رہے اور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز تمام افسران کی موجودگی کو فیلڈ میں یقینی بنائیں۔
بھارت کی آبی جارحیت کا سلسلہ دراز ہو گیا۔ مودی سرکار کی جانب سے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ پہلے سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل بھارت نے اس کی اطلاع دی تھی۔ تاہم اس بار اس نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔
بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے ذریعہ 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان پہنچے گا۔
پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد یہ سیلابی ریلا دریائے سندھ میں جا گرے گا۔ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع بڑا سیلابی ریلا چھوڑے جانے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری الرٹ کے مطابق ملک میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے جاری وارننگ میں کہا ہے کہ دریائے ستلج، بیاس، راوی اور چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ 1 سے 3 ستمبر کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، وسطی اور شمالی پنجاب میں بھاری سے انتہائی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔