ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان میں آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان میں مکمل طور پر آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک لیکچر دینے پاکستان آئے ہیں اور یہاں ان پر کوئی کیس نہیں ہے۔ وہ ملک بھر میں جہاں چاہیں مکمل طور پر آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایس سی او سربراہان مملکت اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ کی ایس سی او میں شرکت کی باضابطہ اطلاع مل گئی ہے اور اجلاس کیلیے سیکیورٹی کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی دہشت گرد حملے کی تحقیقات کی تفصیلات ادارے جاری کرینگے، تاہم پاکستان میں غیر ملکی سفیروں کو کسی قسم کی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ہیں ان سے متعلق گائیڈ لائنز پہلے سے موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ہم افغانستان میں عبوری حکومت سے سفارتی تعلقات رکھتے ہیں اور باہمی تحفظات کے معاملات کو باہمی رابطوں سے حل کرنے پر یقین ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی غزہ میں کارروائیاں جنگی جرائم قرار دیتا ہے۔ جنگی جرائم اور نسل کشی کے مجرموں کے لیے خصوصی قوانین موجود ہیں۔ عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ وہ قوانین کے مطابق اسرائیل کیخلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔