وفاقی کابینہ نے پاکستان کا پہلا گرین بلڈنگ کوڈ منظور کر لیا۔
وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے مطابق گرین بلڈنگ کوڈ وزیراعظم کے پائیدار ترقی کے وژن کا عکاس ہے۔ چار یا زائد منزلہ نئی عمارتوں پر گرین بلڈنگ کوڈ لاگو ہوگا۔
وزارت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بارش کے پانی کے ذخیرے کےلیے نئے تعمیراتی ضوابط نافذ کیے جارہے ہیں اور توانائی کی بچت، شمسی ڈیزائن اور گرین چھتیں اب لازمی ہیں۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق پاکستان میں ماحول دوست اور پائیدار تعمیرات کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اس سے قبل کابینہ کی قانون سازی امور کی کمیٹی نے پاکستان کا گرین بلڈنگ کوڈ (GBCP-2023) اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کا کوڈ (RWH-BCP-2023) منظور کیا تھا۔
یہ دونوں کوڈز پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تیار کیے ہیں اور وفاقی وزیرقانون اعظم تارڈ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دونوں کوڈز منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔