آکسفورڈ: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں پر حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
برطانوی شہر آکسفورڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے چاہئیں، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا کوئی وجود نہیں رہا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پوری دنیا دہشت گردی کو شکست دینے میں ناکام رہی، پاکستان نے تنہا اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مستحکم پاکستان کے لیے مضبوط جمہوریت ضروری ہے، ملک کے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا میونخ میں غیرملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان پربلا جواز الزامات سے اجتناب کرنا چاہیے، پہلے دن سے بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملہ پاکستان کا اظہار تشویش، بھارتی الزامات مسترد
خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں بھارتی فوجیوں کی بس کو کاربم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بیالیس کے قریب فوجی مارے گئے تھے، جبکہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔