اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات کو مسترد کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی طرف سے جاری کردہ نقشےغیر قانونی اور یو این کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے نقشوں سے متضاد نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جو نقشے جاری کیے گئے ہیں وہ متنازع علاقوں کو بھارت کے دائرۂ اختیار میں شامل کرنے کی کوشش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ روز سیاسی نقشے جاری کیے گئے تھے۔
تازہ ترین: افغان حکام نے پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا
ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سیاسی نقشوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو اپنا علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، یہ نقشے غلط اور غیر قانونی ہیں، پاکستان نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مودی سرکار نے اس سے قبل آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا، جس کے بعد مقبوضہ علاقے کو بھی انڈیا کا حصہ بنایا گیا۔