مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی، مشیر خزانہ نے وفد کو معاشی استحکام کے لیے جاری پیشرفت سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں‌ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی، سیکریٹری خزانہ نوید کامران، اسپیشل سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، معاشی ٹیم کے دیگر ارکان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ نے وفد کو معاشی استحکام کے لیے جاری پیشرفت سے آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن ہیڈ ارنیستو رامریزریگو نے کی۔

مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے بتایا کہ جامع معاشی،اصلاحاتی پالیسیز کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے، جولائی تا ستمبر برآمدات میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال کے ابتدائی 3 ماہ میں درآمدات میں 22.7 فیصد کمی آئی۔

عبد الحفیظ شیخ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ جولائی تا ستمبرٹیکس ریونیو میں16 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران ان لینڈ ریونیو میں 25 فیصد بہتری آئی۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ جولائی تا ستمبرکرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 64 فیصد کمی رہی، تجارتی اورمالیاتی خسارے میں35 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

آئی ایم ایف مشن کا ملکی معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اطمینان

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی ایم ایف مشن نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اس کی پالیسیوں پر اظہار اطمینان کیا تھا۔