افغان امن مذاکرات میں پاکستان مثبت کردار ادا کررہا ہے، عمرداؤد زئی

عمر داؤد زئی

اسلام آباد : پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان صدر کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت و ادارے افغان امن کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی کے خصوصی نمائندے عمر داؤد زئی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا رویہ تبدیل ہوچکا ہے۔

عمر داؤد زئی کا کہنا تھا کہ افغان امن مذاکرات میں پاکستان مثبت کردار ادا کررہا ہے، پاکستان کی حکومت و ادارے افغان امن کےلیے ایک صفحے پر ہیں۔

افغان صدر کے خصوصی نمائندے نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں مسائل پر بات کرنے میں آسانی ہوتی ہے، طالبان افغان حکومت کے ساتھ بیٹھیں گے اور بات بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں : پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا : شاہ محمود قریشی

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤد زئی سے ملاقات ہوئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے دیرینہ مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کا وقت آگیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے افغان نمائندے کو افغان امن کے لئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان نے افغان مسئلے کے سیاسی، دیرپا حل کے لئے اہم کردارادا کیا ہے، پاکستان کے مؤقف، کاوشوں کی آج دنیا بھی تائید کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ عمرداؤد زئی 8 جنوری کو پاکستان پہنچے تھے، وہ 11جنوری تک پاکستان کے دورے پر ہیں، توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے کے توسط سے افغان امن عمل کے امکانات مزید وسیع ہوں گے۔