کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونےوالی کمرشل پروازوں میں اضافے کے سبب نیا نوٹم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والی کمرشل پروازوں میں اضافے کے سبب نیا نوٹم جاری کردیا۔
کابل میں ائیرٹریفک سروس کی عدم دستیابی کے سبب جاری کردہ نیا نوٹس نوٹم 21 نومبر چار ماہ تک نافذالعمل رہے گا۔
جس میں افغانستان سے بین الاقوامی پروازوں کے پاکستان میں داخل ہونے سے پندرہ منٹ قبل پاکستان ایرٹریفک کنٹرول کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مشرق وسطی میں کشیدگی کے سبب بین الاقوامی ایرلائنز کی پروازیں ایران کے بجائے اب افغانستان کی فضائی حدود زیادہ استعمال کر رہی ہیں۔
نوٹم میں کہا گیا کہ بین الاقوامی پروازوں کے کابل سے لاہور ، کراچی اور اسلام آباد فلائٹ ریجن میں داخلے سے 15 منٹ قبل پائلٹ کو پاکستان ایرٹریفک کنٹرول کو آگاہ کرنا ہوگا، جبکہ پاکستان سے افغانستان جانے والی پروازوں کو دوشنبے فلائٹ ایریا کنٹرول سینٹر ایر نیویگیشن سروس مہیا کرئے گا۔
نوٹم میں کہنا تھا کہ کابل میں کئی برسوں سے دوران پرواز طیاروں کی رہنمائی کا نظام کام نہیں کر رہاہے۔
افغان وزارت ٹرانسپورٹ و ہوابازی کے اعلامیہ کے مطابق افغان فضائی حدود سے چوبیس گھنٹوں میں دوسو ساٹھ پروازیں گزر رہی ہیں جبکہ اس سے پہلے یہ تعداد ایک سو دس سے ایک سو بیس تھی۔