لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے پاکستان جونیئر لیگ کا لوگو اور پرومو جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اکتوبر میں ہونیوالی پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کے لوگو کی رونمائی کردی جبکہ لیگ کا پہلا پرومو بھی جاری کردیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے پاکستان جونیئر لیگ کا لوگو سوشل میڈیا پر ایک پرومو کے ساتھ جاری کیا گیا، نوجوان کرکٹرز کو متاثر کرنے کے لیے اس پرومو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، اوپنگ بیٹر امام الحق اور فاسٹ بولر حسن علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پریمئیر لیگ میں نئی فرنچائز کا اضافہ
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ڈریم پروجیکٹ پاکستان جونیئر لیگ کا پہلا سیزن رواں سال یکم اکتوبر سے شروع ہونے جارہا ہے جس میں ابتدائی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
جاوید میانداد کو لیگ کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے جبکہ شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو ٹیموں کا مینٹور مقرر کردیا گیا ہے۔
پی سی بی نے چھ میں سے تین ٹیموں کے لیے غیر ملکی اسٹارز کو بطور مینٹور مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انعقاد کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو فرنچائز کی بنیاد پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، جس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا اور قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا۔
Pakistan Junior League begins in October. Exciting times ahead!#Next11 #PJL pic.twitter.com/zv0vmaFyYZ
— Pakistan Junior League (@ThePJLofficial) July 3, 2022