پاکستان کا چین میں پانڈا بانڈ کے لیے روڈ شو

پانڈا بانڈز کا اجرا

پاکستان نے چین میں پانڈا بانڈ کی آگاہی کے لیے روڈ شو کا انعقاد کیا ہے۔

ماہر معیشت خرم شہزاد نے کہا کہ روڈ شو نان ڈیل ہے جو 7 سے 11 جولائی تک جاری رہے گا، یہ روڈ شو پانڈا بانڈ میں سرمایہ کاروں کی آگاہی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین سرمایہ کاروں سے وزارت خزانہ کے تکنیکی ماہرین کے اجلاس جاری ہیں۔

خرم شہزاد کے مطابق پاکستان پانڈا بانڈ اس سال کے آخر میں جاری کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، سرمایہ کاروں کو 20 سے 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈ میں سرمایہ کاری کا مواقع فراہم کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تکنیکی ماہرین کی ٹیم چین میں کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی سے ملاقاتیں کررہی ہے۔

اس سے قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان اپنی مارکیٹ کو چین کی کیپٹل مارکیٹ سے مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے جون کے اوائل تک یوآن پر مبنی پانڈا بانڈ جاری کرے گا، اس اقدام سے بیجنگ کو کرنسی کے استعمال کو بڑھانے میں مدد ملے گی، پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 20 سے 25 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ مصر کی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کی بینک گارنٹی کے لیے ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بات چیت چل رہی ہے، پاکستان آنے والے مہینوں میں اپنی کریڈٹ ریٹنگ کو سنگل ’بی‘ میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں چین سے مزید تعاون کا خواہاں ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز اور زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں میں وسعت لائی جائے گی۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، چین کی بڑی کمپنیاں اپنے برآمدی یونٹس پاکستان منتقل کرکے پاکستان کو بطور برآمدی مرکز استعمال کر سکتی ہیں، سی پیک ٹو میں برآمدی صنعتوں کی ترجیح سے قرض ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ درآمدات پر استوار معیشت کے باعث پاکستان کو زرمبادلہ کی کمی اور ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے، پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہتر ہوئے ہیں، عالمی کانفرنسز ہو رہی ہیں، غیر ملکی وفود آرہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔