پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر 34 بھارتی ماہی گیر گرفتار

کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 34 ماہی گیروں کو گرفتار کر کے اُن کی 6 کشتیاں قبضے میں لے لیں۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سمندری حفاظت پر مامور اہلکار پیٹرولنگ کر رہے تھے کہ اس دوران اُن کی نظر خلاف ورزی کرنے والی 6 کشتیوں پر پڑی۔

تمام کشتیاں بین الاقوامی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوئی تھیں جس پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 34 ماہی گیروں کو حراست میں لیا اور انہیں قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا جس کے بعد انہیں جیل بھیجا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا جذبہ خیر سگالی، ایک ماہ میں‌ 360 بھارتی ماہی گیر رہا

یاد رہے کہپاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی سمندر میں واحد قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی سمندری حدود میں کسی بھی غیر قانونی عمل کی روک تھام کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے ۔ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اپنی ذمہ دارانہ سمندری حدود میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی عمل، منشیات و انسانی اسمگلنگ اور سرچ اور ریسکیو آپریشن کی انجام دہی کے لیے ہمہ وقت تیار اور مکمل طور پر فعال رہتا ہے۔

چند روز قبل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اپنے جدید ترین جہازوں کی بدولت متاثر ہونے والے 300 سے زاہد ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کو بچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔