اسلام آباد :ریکوڈیک مائننگ کمپنی کے نمائندے رسل ہاورڈ کا کہنا ہے کہ اسٹڈی میں ریکوڈیک میں سونے کے 2 کروڑ 60 لاکھ اونس ذخائر کا پتہ چلا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوسرے روز بلوچستان میں اہم ترین شعبے ریکوڈیک پر جامع سیشن ہوا۔
ریکوڈیک مائننگ کمپنی کے نمائندے رسل ہاورڈ نے منصوبے کی فزیبلٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈیک معدنیات 286 کلومیٹر کے علاقے پر محیط ہیں، جہاں سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
رسل ہاورڈ کا کہنا تھا کہ منصوبے کی 29 کلومیٹر رقبے پر جیو تکنیکی ڈرلنگ اور جیوکیپٹل ڈرلنگ بھی ہوچکی ہے، ریکوڈیک میں 5.9ارب ٹن کے معدنی ذخائر موجود ہیں۔
مائننگ کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ منصوبےکے پہلے مرحلےکی فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دی جاچکی، سال 2028 میں سونے اور تانبے کی پیداوار حاصل ہونا شرو ع ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹڈی میں ریکوڈیک میں سونے کے 2 کروڑ 60 لاکھ اونس ذخائر کا پتہ چلا ہے، سال 2028 تک ریکوڈیک کان سے 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 3 لاکھ اونس سونا سالانہ نکالا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن تانبا، 5 لاکھ اونس سونا سالانہ نکالا جائے گا۔