راولپنڈی: پاک بحریہ نے سمندر میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 8 ایرانی ماہی گیروں کی جان بچالی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز نے آتشزدگی کا شکار ہونے والی ایرانی کشتی میں سوار 8 ماہی گیروں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے بچایا۔
حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر موجود عملے نے آگ لگنے کی اطلاع دی تھی۔
پی این ایس یرموک نے کال سنتے ہی انسانی ہمدردی کے تحت انتہائی سبک رفتاری سے موقع پر پہنچ کر کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے تمام ماہی گیروں کو کامیابی سے ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ بے قابو آگ کو بجھانے میں احسن کردار ادا کیا۔
فوری اور پیشہ وارانہ امدادی کوششوں کے نتیجے میں سمندر سے تمام 8 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تحت کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ہمہ وقت تیار رہنے کا عملی نمونہ ہے۔ پاک بحریہ مادر وطن کی بحری حدود کا دفاع کرتے ہوئے عالمی بحری قوانین کے تحت سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پعزم ہے۔