پاکستان نے نیتن یاہو کا گریٹر اسرائیل سے متعلق بیان مسترد کر دیا

پاکستان نے نیتن یاہو کا گریٹر اسرائیل سے متعلق بیان مسترد کر دیا

اسلام آباد (15 اگست 2025): پاکستان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا گریٹر اسرائیل سے متعلق بیان مسترد کر دیا۔

پاکستان نے قابض اسرائیلی طاقت کے گریٹر اسرائیل کے بیانات اور فلسطینیوں کو غزہ سے جبراً بے دخل کرنے کے منصوبوں کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا تصور عالمی قوانین اور یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی بیانات غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترک صدر نے ’’گریٹر اسرائیل‘‘ منصوبہ بے نقاب کر دیا

پاکستان نے کہا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے جبراً بے دخل کرنے کے منصوبوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری فوری اور عملی اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ قابض طاقت کو خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرنے سے روکا جائے، ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری بھی اسرائیلی اشتعال انگیز خیالات کو یکسر مسترد کرے۔

شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔