سیاحت کا فروغ، حکومت نے نئی اور آسان ویزا پالیسی کا اعلان کردیا

پشاور: وفاقی وزیر خارجہ نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچاس ممالک کے سیاحوں کو آن آرائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کوشاں ہے اس ضمن میں گزشتہ برس غیر ملکی سیاحوں کی کراچی تا پشاور کارریلی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان خود بھی سیاحت میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے انہوں نے سینئر وزیر عاطف خان کو سیاحت کی وزارت سونپی اور اب وہ براہ راست اس کی مانیٹرنگ بھی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: سیاحت کے فروغ کے لیے پشاور سے اٹک تک سفاری ٹرین کا دل چسپ سفر

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سینئر وزیر خیبرپختونخواہ عاطف خان کی ملاقات پشاور میں ہوئی جس میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نئی ویزا پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرا نے نئی ویزاپالیسی ،ویزا آن آرائیول اورای ویزا پالیسی کےطریقہ پر بھی گفتگو کی۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر نئی ویزا پالیسی کی آگاہی سے متعلق اقدامات اٹھائے جائیں گے، غیر ملکی سفارت خانوں کو سیاحت کے فروغ کے لیے کردار کی طرف راغب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخواہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 50 ممالک کے سیاحوں کو ایئرپورٹ پر جبکہ 175 ممالک کے سیاحوں کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 20 نئے سیاحتی مقامات اور اُن کے ریزورٹ بنائے جائیں گے۔