قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کی دفترِ خارجہ طلبی، بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے جارحیت پر ملک میں تعینات قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر گورو الھووالیا کو دفترِ خارجہ طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج 2 بج کر 55 منٹ پر بھارتی طیاروں نے پاکستان میں داخل ہو کر ایل او سی کی خلاف ورزی کی، جس پر وزارتِ خارجہ نے قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔

پاکستان نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر سے بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو ایک احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی ہے اور پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔

انھوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو جگہ کا معائنہ کروایا جائے گا، ہیلی کاپٹرز تیار ہیں بس موسم تھوڑا بہتر ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس کا جواب دے گا: وزیر خارجہ

انھوں نے کہا کہ 2 بج کر 55 منٹ پر بھارتی طیارے داخل ہوئے تھے، 2 بج کر 58 منٹ پر بھارتی طیارے واپس جا چکے تھے۔ پاک فضائیہ کے خوف سے بھارتی طیارے پاکستان حدود سے نکل چکے تھے۔

انھوں نے کہا ’بھارتی عزائم سے بخوبی واقف ہیں، جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں‘۔