لاہور (23 جولائی 2025): ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے ہو جائیں خبردار کیونکہ محکمہ ریلوے نے ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تیاری شروع کر دی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں نئے اہداف، مون سون حکمت عملی اور قومی جذبے سے سرشار اقدامات پر زور دیا گیا جبکہ ریلوے نظام کی بہتری کیلیے مربوط اقدامات کا عزم کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر ریلوے نے بگغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف پُر زور مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور کروانے والا دونوں جیل جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا
حنیف عباسی نے کہا کہ دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے، ریلوے کو جدید، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کیلیے نتیجہ خیز کوششیں ضروری ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے پیش نظر تمام ریلوے پلوں، پٹریوں اور انفرااسٹرکچر کا معائنہ کیا جائے، کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کیلیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں اور عملے کی جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین قومی فریضہ ہے، پاکستان ریلوے کی ترقی اور عوامی خدمت ہمارا مشن ہے، سُتھرا پنجاب مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و آرائش جاری ہے۔