لاہور: ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں اضافہ کر کے مسافروں کی مشکلات بڑھا دیں۔
پاکستان ریلوے نے کل سے ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ تمام ایکسپریس، شٹل، پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں اور ریلوے سیلون کرایوں میں اضافہ ہوگا۔
اس متعلق تمام ڈویژنز کے ڈی ایس اور ڈی سی او کو فیصلے پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔
گزشتہ روز نگراں حکومت کی جانب سے مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 20 روپے اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 293 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔