کوئٹہ(25 اگست 2025): پاکستان ریلویز نے سیلاب کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے کوئٹہ اور پشاور کے درمیان ٹرین آپریشن دو دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس احتیاطی طور پر 25 اور 26 اگست کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی، تاہم حکام نے مزید کہا کہ چمن مسافر ٹرین اپنے مقررہ وقت کے مطابق کوئٹہ سے روانہ ہوئی
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس آج اور کل پشاور نہیں جائے گی جبکہ آج پشاور سے کوئٹہ کیلئے بھی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ریلویز نے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) کاؤنٹرز اور آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے ریفنڈ پالیسی متعارف کرا دی ہے، سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی او ایس کاؤنٹرز پر ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخ کرنے پر 90 فیصد ریفنڈ مل سکتا ہے۔
ریفنڈ پالیسی کے تحت روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخی پر 80 فیصد رقم ریفنڈ کی جائے گی جبکہ 24 گھنٹے کے اندر کی گئی ٹکٹ منسوخی پر ٹکٹ کی 70 فیصد رقم واپس ملے گی، پالیسی کے مطابق اگر کوئی مسافر روانگی کے 2 گھنٹے کے اندر اندر اپنے ٹکٹ کی منسوخی کرائے گا تو اسے کرایہ کا 50 فیصد واپس کر دیا جائے گا۔
نئی پالیسی میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں جہاں کوئی ٹرین منسوخ یا 6 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کا شکار ہو گی، تو اس کے مسافر اپنے ٹکٹ کی مکمل رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں، مسافر یہ رقم اپنی اصل ٹکٹ اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی پیش کرنے کے بعد پی او ایس کاؤنٹرز سے اپنی رقم لے سکتے ہیں۔