پاکستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد کئی شہروں میں کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مری میں بارشوں کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں 2 روز کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ مری میں 19 اور 20 اگست کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
این ڈی ایم اےنے کلاؤبرسٹ الرٹ کے باعث ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے۔
Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں
ادھر ایبٹ آباد میں بارش کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر نے کل اسکولوں میں ایک روز کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور ضلع بھر میں ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے شدید سیلابی الرٹ کے پیشِ نظر تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو 19 سے 23 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد طلبا اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ خطے میں مسلسل اور متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمے نے خبردار کیا کہ ان حالات کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے امکانات زیادہ ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارشیں اور گرج چمک متوقع ہیں۔