ملک میں 2 سے 3 ارب روپے کے آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف

آن لائن فراڈ کیسز

اسلام آباد : ملک میں 2 سے 3 ارب روپے کے آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ہیکرز شہریوں کے دوستوں اور اہل خانہ کے نام استعمال کرتے ہوئے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں اب تک 2 سے 3 ارب روپے مالیت کے آن لائن مالی فراڈ کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یہ انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سینیٹر پلوشہ خان کر رہی تھیں۔

بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے عام شہریوں کو مختلف کالز کی جاتی ہیں، جبکہ واٹس ایپ ہیکنگ کے ذریعے مالی فراڈ کے کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہیکرز شہریوں کے دوستوں اور اہل خانہ کے نام استعمال کرتے ہوئے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 63 غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے ہیں اور 7 کروڑ 20 لاکھ روپے کے فراڈ کے کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔

حکام نے مزید بتایا گیا کہ مجرمان بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر بھی شہریوں کو لوٹتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر پرتعیش لائف اسٹائل دکھا کر لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔