کراچی : نئے سال کے پہلے ماہ جنوری میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سودوں میں نمایاں طور پر بہتری دیکھی گئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں39ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ماہ جنوری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے سال کے پہلے مہینے مین ایک ماہ کے دوران100 انڈیکس میں895 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹاک ایکسچینج میں ماہ جنوری کے اختتام پر100 انڈیکس41630پر بند ہوا، جنوری میں 100انڈیکس کی بلند ترین سطح 43468 اور کم ترین40735 رہی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہ جنوری میں 5.68ارب شیئرز کے سودے ہوئے جس کے مطابق جنوریکے کاروبار کی مالیت 213 ارب روپے رہی، ایک ماہ میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 39ارب اضافےسے 7851ارب روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 31 جنوری2020 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز زبردست اتار چڑھاؤ رہا۔ مارکیٹ دو سو باہتر پوائنٹس کی کمی سے اکتالیس ہزار چھ سو تیس پر اختتام پذیر ہوئی۔
کاروباری ہفتے کا اختتام 272 پوائنٹس کی کمی سے 41 ہزار 630 پر ہوا، دن بھر مجموعی طور پر 341 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 211 کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 116 کے شیئرز میں اضافہ ہوا۔