ایران کا امریکا پر جوابی حملہ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی

پاکستان اسٹاک مارکیٹ

کراچی : ایران کے جوابی حملوں کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی گئی ،100 انڈیکس 546 پوائنٹس کمی سے 41357 پوائنٹس پر بند ہوا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا ایران کشیدگی عروج پر ہے ، ایران کی جانب سے جوابی حملے کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی کی تمام اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کی لپیٹ میں ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینچ میں کاروبار کے آغاز پر 411پوائنٹس کی کمی ہوئی ،  جس کے بعد 100  انڈیکس 41ہزار 494 پوائنٹس پر آگیا تاہم کاروبار کے دوران انڈیکس میں 618پوائنٹس تک گرگیا۔

اسٹاک ایکس چینج کاروبار کے اختتام تک مندی کی لپیٹ میں رہا اور 100 انڈیکس 546 پوائنٹس کمی سے 41357 پوائنٹس پر بند ہوا ، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1.32 فیصد کمی ہوئی۔

دوسری جانب ایشیائی کی تمام اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی گئی ، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں300 پوائنٹس ، ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں206 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ، چینی حصص بازار بھی مندی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کورین اورآسٹریلوی اسٹاک مارکیٹس بھی منفی زون میں ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

گذشتہ روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا تھا، ایک دن میں 100 انڈیکس میں 1.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 100 انڈیکس 608 پوائنٹس اضافے سے 41904 کی سطح پر بند ہوا۔

یاد رہے جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو حملے کئے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے ایران کےعراق میں امریکی فوجی اڈوں پرمیزائل حملوں میں80افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔