پاکستان کی اسرائیلیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت

پاکستان کی اسرائیلیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت

اسلام آباد : پاکستان نے سرائیلیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات پر عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق، اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں دراندازی کرنے والے اسرائیلیوں کو اسرائیلی فوج کا تحفظ حاصل تھا، جو نہ صرف مقدس مقام کی بے حرمتی ہے بلکہ فلسطینی عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی سنگین کوشش ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی حیثیت تبدیل کرنے کے مکروہ اعلانات اور اقدامات خطے میں شدید عدم استحکام پیدا کرنے کی دانستہ کوششیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں اور اشتعال انگیز حرکات، امن عمل کو سنجیدگی سے نقصان پہنچانے اور مسلسل تشدد کو جنم دینے کی سازش ہیں۔

مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی اسرائیلی وزرا اور آباد کار گروہوں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی شدید مذمت

دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی منظم، غیرقانونی، غیرانسانی اور غیرآئینی جارحیت پر خاموش نہ رہے بلکہ اسے فوری طور پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو مسجد اقصیٰ کی مذہبی حرمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔