گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناقابل قبول، پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے، اسحاق ڈار

سعودی عرب (25 اگست 2025): وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گریٹر اسرائیل کا منصوبہ پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مسئلہ فلسطین کے حل اور غزہ کی صورتحال کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 21 واں خصوصی اجلاس چیئرمین حقان فیدان کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔ اجلاس میں تمام رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ ونائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناقابل قبول اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان اس منصوبے کو سختی سے مسترد اور عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔ پاکستان عرب ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 2 سال سے معصوم فلسطینیوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔ فلسطین میں قحط کی صورتحال ہے اور فوری اقدامت ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی برادری فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے۔ غزہ سے جبری بے دخلی اور غیر قانونی قبضے کا جلد خاتمہ یقینی بنایا اور وہاں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی یقینی بنائی جائے۔

https://urdu.arynews.tv/oic-meeting-in-saudi-arabia-for-gaza-issue/