اسلام آباد : چین سے پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، سیٹلائٹ قومی سطح پر مختلف شعبوں کی معاونت فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کل چین سے لانچ کیا جائے گا، چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے سائنسدان بھی لانچ سینٹر میں موجود ہوں گے، یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو زمین کے مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سیٹلائٹ قومی سطح پر مختلف شعبوں کی معاونت کرتے ہوئے ایگریکلچر، شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی مانیٹرنگ اور آفات سمیت سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ ، گلیشیئرز کے پگھلنے اور جنگلات کی کٹائی کے اثرات کی پیش گوئی اور ان میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ سیٹلائٹ جغرافیائی خطرات کی نشان دہی کر کے سی پیک جیسی قومی ترقیاتی پہلوؤں کو بھی سپورٹ کرے گا. پاکستان کی پہلے ہی پانچ سیٹلائٹ خلا میں موجود ہیں۔