اسلام آباد (15 اگست 2025): وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کو آرڈینیٹر برائے دہشتگردی نے ملاقات کی جس میں معلومات کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، انسداد دہشتگردی اور بارڈر سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی اور انسداد منشیات ودہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر ودیگر بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی حکومت کے بعد پاک امریکا تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون نمایاں ہے۔ یہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔
امریکی کو آرڈینیٹر گریگوری نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔