پاکستان میں مون سون کا نیا اسپیل ، شدید بارشوں کی پیش گوئی

پاکستان میں مون سون کا نیا اسپیل ، شدید بارشوں کی پیش گوئی

لاہور : محکمہ موسمیات نے مون سون کے نئے اسپیل میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے لئے الرٹ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کے نئے سسٹم کے زیراثر پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے لگے۔

ڈی ایم اے پنجاب نے مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا اور کہا آئندہ 24 گھنٹے میں لاہور، قصور، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں شدید بارش متوقع ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث لاہور، راولپنڈی اور گجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے تاہم بارشوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

موسم سے متعلق خبریں

متعلقہ محکموں کی جانب سے حفاظتی انتظامات کا سلسلہ جاری ہے اور نشیبی علاقوں میں مشینری پہنچا دی گئی ہےجبکہ عوام کو زیادہ بارش والےعلاقوں میں محدود نقل حمل کی اپیل کی گئی ہے

خیال رہے رات گئے اسلام آباد،راولپنڈی، صوابی،ہنگو،نوشہرہ اورمردان میں موسلا دھاربارش کا سلسلہ جاری رہا ، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

راولپنڈی نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے چودہ فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے بارہ فٹ ہوگئی۔

واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے، گجرات میں بھی موسلادھاربارش ہوئی، نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

وزیرآباد میں تیزہواؤں کےساتھ بارش نےجل تھل ایک کردیا جبکہ ڈسکہ، حافظ آباد، قائد آباد اورپنڈی بھٹیاں میں بادل برسے۔ کئی علاقوں میں فیڈرٹرپ ہونے سے بجلی معطل ہوگئی۔

بلوچستان میں بھی کہیں کہیں تیزبارش ہوسکتی ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اورکہیں کہیں ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان ہے۔