پاکستان افغانستان کو وائٹ واش کرکے نمبر ون ٹیم بن گئی

پاکستان نے افغانستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرکے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

کولمبو میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کی ٹیم پاکستان کی جاب سے دیے گئے 269 رنز کے تعاقب میں 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے میچ میں 59 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

افغانستان کی پہلی وکٹ 17 رنز پر گری جب رحمان اللہ گرباز 5 رنز بنا کر فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے، ریاض حسان 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ابراہیم زردان کو صفر پر فہیم اشرف نے پویلین روانہ کیا، کپتان حشمت اللہ شاہدی 13 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہد اللہ کو 37 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا۔

گلبدین نائب صفر، محمد نبی 3، راشد خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مجیب الرحمان 64 رنز پر ہٹ وکٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف اور محمد نواز دو، دو کٹیں حاصل کرسکے جبکہ شاہین آفریدی اور آغا سلمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے اور افغان ٹیم کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا تھا۔

محمد رضوان نے 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب فخر زمان 27 رنز بنا کر گلبدین نائب کو وکٹ دے بیٹھے، امام الحق 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سعود شکیل کو 9 رنز پر رحمان اللہ گرباز نے رن آؤٹ کیا، شاداب خان 3 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

محمد نواز 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فرید احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کہ راہ دکھائی، راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔