اسلام آباسد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی مسلسل حملہ آور ہے، ضرورت پڑی تو پاکستان افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بناسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی مسلسل حملہ آور ہے، زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرسکتے، ضرورت پڑی تو پاکستان افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بناسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرا تاثر ہے افغان طالبان بھی ٹی ٹی پی سے جان چھڑاناچاہتے ہیں ، دورہ کابل میں افغان طالبان سےبات کی تھی کہ افغان سر زمین سے پاکستان پر حملے برقرار رہے تو ہمیں اقدامات کرنے پڑیں گے ، افغان طالبان نے ہماری بات کا بہت اچھے طریقے سے جواب دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حصہ بننے کے غلط فیصلوں سےنقصان اٹھاررہاہے ، امریکا سے اس معاملے پر بات کرنےکی کوئی منطق نہیں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ امریکا نے 16سال افغانستان میں جو کیا وہ سب جانتےہیں، ہم دہشت گردی کی لعنت سے خود نمٹ سکتے ہیں، پہلے بھی ہم نے دہشت گردی کےخطرے کا خود ہی مقابلہ کیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری عسکری انتظامیہ اخراجات میں کمی کر رہی ہے فوجی انتطامیہ مسلسل اس بارے میں جائزہ لے رہی ہے کہ کہاں چیزیں موخر کی جاسکتی ہیں لیکن کچھ اہم ضروریات ہوتی ہیں ان کو کم یا ختم نہیں کیا جاسکتا ۔
الیکشن کے حوالے سے سوال پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میں100فیصد یقین سےکہہ سکتاہوں آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے، عوام کی رائےاور فیصلے میں مداخلت نہیں ہوگی۔