پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ سے شکست

نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 131 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ویمنز ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کوئنز ٹاؤن میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز کا ہمالیہ کھڑا کر دیا۔

کیویز ٹیم کی اوپنر نے 165 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ برینڈن 86 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئیں تو ان کی جگہ ایملی کیر نے آ کر رنز بنانے کی رفتار کو کم نہ ہونے دیا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 247 کے مجموعی اسکور پر گری جب دوسری اوپنر سوزی بیٹس 108 رنز بنا کر ام ہانی کے ہاتھوں بولڈ ہوگئیں۔ ایملی نے 83 اور کپتان صوفی ڈیون نے 70 رنز کی اننگ کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے ام ہانی، فاطمہ ثنا اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی شروعات بھی اچھی تھی اور اوپنر نے سنچری پارٹنر شپ قائم کی۔ پہلی وکٹ 110 کے مجموعی اسکور پر گری جب منیبہ علی 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جب کہ سدرہ امین نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 105 رنز بنائے یہ ان کے کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔

اوپنرز کے علاوہ گرین شرٹس کے باقی بیٹرز ناکام رہیں اور پوری ٹیم 49.5 رنز میں 234 رنز پر ڈھیر ہو گئی یوں نیوزی لینڈ نے 131 رنز کے بھاری مارجن سے فتح اپنے نام کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر امیلی کیر رہیں جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

میچ کے دوران پاکستان کپتان ندا ڈار چہرے پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئیں جس کے باعث انہیں میچ ادھورا چھوڑ کر میدان سے جانا پڑا۔

پاکستان ویمنز کی کپتان ندا ڈار دوران میچ زخمی

سیریز کا دوسرا میچ جمعہ 15 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔