پاکستان ویمنز ٹیم نے تاریخ رقم کر دی اور نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ویمنر ٹیم نے ڈونیڈن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان کیوی کو 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کی دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کرنے کے ساتھ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر منیبہ علی نے 35 جب کہ مڈل آرڈر بیٹر عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 32 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی۔ کیویز کی جانب سے فران جونز اور مولی پین فولڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے 138 رنز کے ہدف میں اننگ شروع کی تو آغاز انتہائی تباہ کن ہوا ابتدائی دو وکٹیں 9 رنز پر گر گئیں جب کہ آدھی ٹیم 62 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی جب کہ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز ہی بنا سکی۔
کیویز کی جانب سے ہنا روو 33 اور جارجیا پلیمیر 28 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے تین، سعدیہ اقبال نے دو جب کہ ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
عالیہ ریاض کو نا قابل شکست 32 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نے اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جب کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوگی۔