بھارت میں فواد خان، ماہرہ خان و دیگر پاکستانی فنکاروں کو میوزک پلیٹ فارم پر ان کی بالی وڈ فلموں کے پوسٹرز سے ہٹا دیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فواد خان کی تصویر اب ان کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے پوسٹر سے غائب ہے جبکہ ماہرہ خان کو شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ کے پوسٹر سے ہٹا دیا گیا۔
’بدھو سا من‘ گانے میں فواد خان، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے پرفارم کیا تھا جو اب بھارت میں یوٹیوب پر ناقابل رسائی بنا دیا گیا۔ میوزک ایپلی کیشنز پر گانے کا پوسٹر بھی تبدیل کیا گیا جس میں پاکستانی اداکار نظر نہیں آ رہے۔
اسی طرح فلم ’رئیس‘ کے گانوں کے البم میں پر شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی تصویر تھی جب اب تبدیل کر دی گئی، اب البم پر صرف بالی وڈ اداکار موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان کی ’عبیر گلال‘ کے گانے اور ٹیزر یوٹیوب سے ڈیلیٹ
2014 کی فلم ’خوبصورت‘ میں بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے فواد خان کے ساتھ اداکاری کی تھی، فلم کے پوسٹر میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کو اسپاٹائف اور یوٹیوب میوزک پر ان کی بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کے البم کور سے ہٹا دیا گیا۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران مودی سرکار نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، میڈیا اسٹریمنگ سروسز اور پاکستانی مواد کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی تھی۔
اس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیری گائیڈ لائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) رولز 2021 کا حوالہ دیا گیا جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پبلیشرز کو ایسے مواد سے پرہیز کرنا چاہیے جو بھارت کی خودمختاری اور سالمیت کو متاثر کرتا ہو۔