لاہور: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی پولیس افسر انعم خان نے دبئی میں عالمی انویسٹی گیشن ایوارڈ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی خاتون پولیس افسر نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، سرگودھا کی اے ایس پی نے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا۔
پنجاب پولیس کی ترجمان کے مطابق اے ایس پی انعم شیر کو کریمینل انوسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی پر ایواڈ دیا گیا، کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے اے ایس پی انعم شیر کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا۔
ترجمان کے مطابق ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے افسران میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی، انعم خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم قتل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اےایس پی انعم شیر کو پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش دی، انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا فخر کی بات ہے۔