ورلڈ کپ میں پاکستانی بلے باز اسپنرز کے خلاف ناکام

ایک وقت تھا جب ہمارے عظیم بلے باز اسپنرز کا چٹان کی طرح مقابلہ کرتے تھے مگر ورلڈ کپ میں بھارتی وکٹوں پر اسپنرز کو کھیلنا بیٹرز کے لیے امتحان بن گیا۔

بھارت میں کرکٹ کا سب سے بڑا عالمی میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ جاری ہے تاہم وہاں اسپنرز کا سامنا کرنا بلے بازوں کے لیے کڑا امتحان بن گیا ہے۔ انگلینڈ اور پاکستانی بیٹرز اسپنرز کے سامنے ڈھیر ہونے میں سر فہرست ہیں۔

ایک وقت تھا جب پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اسپنرز کا مقابلہ پوری قوت اور اعتماد کے ساتھ کرتے تھے اور دنیا کے بڑے سے بڑے اسپنرز پاکستانی بیٹرز کو بالنگ کراتے ہوئے خوفزدہ رہتے تھے اب یہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ہمارے ٹاپ بیٹرز مخالف اسپنرز کے جال میں پھنس کر اپنی وکٹیں گنوا رہے ہیں اور اسپنرز کے سامنے ناکام بیٹرز میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

رواں ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں اسپنرز کے 146.5 اوورز میں محض 39.15 کی اوسط سے 783 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ اس کے عوض 20 بلے بازوں نے اپنی وکٹیں اسپنرز کو تحفہ کی ہیں۔

پاکستانی بیٹرز نے اپنے 6 میچوں میں ہر 39 رنز کے بعد اسپنرز کا شکار بنے۔

اس فہرست میں اب تک میگا ایونٹ میں سب سے بدترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم دفاعی چیمپئن ہی انگلینڈ ہی پاکستان سے اوپر ہے۔ جس کے 6 میچز میں 23 بیٹرز نے اپنی وکٹیں اسپنرز کے سامنے گنوائی ہیں۔

نیدر لینڈ 18، آسٹریلیا 17 اور افغانستان 16 وکٹیں اسپنرز کو دے کر تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے 14، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے 13، 13 بلے بازوں کو اسپنرز نے آؤٹ کیا ہے۔

اسپنرز کو کھیلنے میں میزبان ٹیم بھارت کی ٹیم سب سے کامیاب نظر آئی ہے جس نے چھ میچز میں 9 وکٹوں کا نقصان اٹھایا ہے۔